ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سوڈانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایتھوپیا کے ساتھ سرحد پر بھاری عسکری کمک تعینات

سوڈانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایتھوپیا کے ساتھ سرحد پر بھاری عسکری کمک تعینات

Thu, 17 Dec 2020 17:49:36  SO Admin   S.O. News Service

پیرس،17 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)سوڈانی فوج کے ایک اعلان کے مطابق اس نے ایتھوپیا کے ساتھ سرحد پر اپنے کئی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد وہاں بڑی تعداد میں عسکری کمک بھیج دی ہے۔ خرطوم حکومت نے ایتھوپیا کے حملوں کے حوالے سے افریقی یونین کو شکایت بھی ارسال کی ہے۔

سوڈانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "ایتھوپیا کی ملیشیاؤں اور فوج کی جانب سے حملوں کا سلسلہ روکنے کے لیے ادیس ابابا حکومت کے ساتھ رابطہ کیا جا رہا ہے۔ ہم اپنی سرحد کی عسکری خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کو پسپا کر دیں گے"۔

سوڈان کی مسلح افواج نے بدھ کے روز بتایا تھا کہ سرحدی علاقے میں سیکورٹی گشت کے دوران اسی کی فورسز کو ایتھوپیا کی افواج اور ملیشیا کی جانب سے گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ فوجی بیان کے مطابق اس کے نتیجے میں جانی اور مادی نقصان واقع ہوا۔ یہ کارروائی منگل کے روز کی گئی تھی۔ سوڈانی فوج نے اپنے مرنے والے اہل کاروں کی تعداد نہیں بتائی۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 4 نومبر کو ایتھوپیا کے شمالی صوبے ٹگرے میں حکومت کی فورسز اور ٹگرے لبریشن فرنٹ کے درمیان لڑائی چھڑ گئی تھی۔

اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق اب تک ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ قریبا 9.5 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جن میں تقریبا 50 ہزار نے سوڈان کا رخ کیا۔


Share: